بنگلورو، 28/ جون (ایس او نیوز/ایجنسی) ریاست میں کانگریس حکومت کی طرف سے خانہ دار خواتین کو ماہانہ 2 ہزار روپئے دینے کی گروہا لکشمی اسکیم کے تحت بینک کھاتوں میں رقم کی منتقلی کا آغاز 16 اگست سے کیا جائے گا۔ یہ اعلان وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہاسن میں کیمپے گوڈا جینتی پروگرام کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت آج سے مستحقین کے اندراج کا کام شروع ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کانگریس پارٹی نے ریاست کے عوام کو جو پانچ گیارنٹیاں دی ہیں ان کو عملی شکل دینے کے لئے حکومت پابند عہد ہے ریاستی بی جے پی کی طرف سے ان گیارنٹیوں کے نفاذ کو لے کر کی جارہی مانگ اور احتجاج کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ سابقہ بی جے پی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے 95 فیصد وعدے فراموش کردئے گئے۔ بی جے پی کو اس بات کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے کہ وہ کانگریس سے اس بات کا مطالبہ کرے کہ وہ اپنے وعدے پورے کریں۔
انہو ں نے کہا کہ انا بھاگیہ اسکیم کے تحت ریاست میں غریبوں کو ماہانہ 10 کلو چاول فراہم کرنے کی اسکیم کے نفاذ میں مرکزی حکومت رخنہ اندازی کررہی ہے۔ پیسہ کے عوض بھی ریاست کو چاول کی فراہمی سے روکا جارہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس کے باوجود بھی کانگریس حکومت انا بھاگیہ اسکیم کے تحت غریب عوام کو چاول مہیا کرانے کی پابندی ہے۔